کراچی : یو م پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، تینوں مسلح افواج کے نمائندوں اوردیگر سیاسی رہنماؤں نے مزار قائد پرحاضری دی اورپھولوں کی چادر چڑھائی۔
تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پر وقارتقریب کا انعقاد کیا گیا، گ ورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کےارکان نے مزارقائد پرحاضری دی اورپھول چڑھائے۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے اپنے پیغام میں کہا خواہش ہے قائداعظم کاوژن جلدمکمل ہو جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا متحد قومیں ہی ملک کا دفاع کرسکتی ہیں۔
کمشنرکراچی سیاسی وسماجی شخصیات نے بھی مزار قائد پر حاضری دی۔
مزید پڑھیں : یوم پاکستان پرمزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی
اس سے قبل یوم پاکستان کے موقع پر لاہورمیں مزاراقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، جس میں شاہینوں کے چاق وچوبند دستے نےمصور پاکستان کو سلامی پیش کی اور مزار پرگارڈزکے فرائض سنبھال لیے۔
مہمان خصوصی ائیرکموڈور رضوان ملک نے پریڈ کا معائنہ کیا، مہمان خصوصی نے چیف آف ائیر سٹاف اور پاکستان ائیرفورس کی جانب سے مزار پر پھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی۔
ائیرکموڈور رضوان ملک نےمہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبندکیے۔
خیال رہے آج یوم پاکستان ملی جوش اور جزبے سے منایا جار ہا ہے، دن کا آغاز وطن عزیز کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاوں سے ہواجبکہ وفاقی دارلحکومت اسلام اباد کا کیولری گرائونڈ اکتیس توپوں کی سلامی سے گونج اٹھا۔
یوم پاکستان کے دن اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ ہوئی ،سعودی عرب اور آذربائیجان کے دستوں نے پریڈ میں شرکت کی، تقریب کے مہمان خصوصی ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیرمحمد ہیں۔