راولپنڈی : پاک فوج نے وہاڑی، پاکپتن اور اوکاڑہ میں اسرائیلی ساختہ 6 بھارتی ڈرون تباہ کردیئے، اب تک دشمن کے پینتیس ڈرونز تباہ کیے جاچکے ہیں۔
اے پی پی کے مطابق پاک فوج دراندازی کرنے والے بھارتی ڈرونز کو چن چن کر نشانہ بنارہی ہے، وہاڑی، پاکپتن اور اوکاڑہ میں اسرائیلی ساختہ 6 بھارتی ڈرون تباہ کردیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ایک ڈرون وہاڑی ، ایک پاکپتن جبکہ 4 ڈرونز کو اوکاڑہ میں تباہ کیا گیا، اب تک دشمن کے پینتیس ڈرونز تباہ کیے جاچکے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہےتمام ڈرونز مسلسل ریڈارپر مانیٹر کئے جا رہے تھے، پاکستان کا دفاعی نظام اور ایئر ڈیفنس سسٹم دشمن کے حملے مسلسل ناکام بنا رہا ہے، ہروپ ڈرون کی ٹریکنگ سے واضح ہے پاکستان کادفاعی اور ایئرڈیفنس سسٹم انتہائی مضبوط ہے۔
ہمارے ایئرڈیفنس سسٹم میں اتنی صلاحیت ہے کہ چھوٹے ڈرونز بھی ٹریک کرلیتا ہے، جب بھی ڈرون آتا ہےتو وہ مسلسل ریڈار پر دیکھا جارہا ہوتا ہے،شہری علاقوں،کمرشل فلائٹس کی موجودگی میں ڈرون مار گرانے کا آپریشنل طریقہ کارہے۔
پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
یاد رہے گذشتہ روز بھارت کی جانب سے بھیجے گئے ڈرونز کے ذریعے متعدد بار پاکستانی حدود کی خلاف ورزیاں کیں، جنہیں پاک فوج نے مؤثر جواب دیتے ہوئے ناکام بنایا تھ۔ا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ پاک فوج نے مجموعی طور پر 29 اسرائیلی ڈرون مار گرائے، جس میں سے ایک ڈرون ٹارگت پر پہنچا جس سے 4 فوجی زخمی ہوئے، بھارتی ڈرونز حملے میں تین سویلینز کی شہادت ہوئی اور 4 زخمی ہوئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اپنے سنیما سے نکل کر حقیقی دنیا میں آنا ہوگا، دنیا کو بے وقوف بنانا بند کرے، 18ویں نہیں 21ویں صدی ہے جہاں ہر پروجیکٹائل اپنی ڈیجیٹل پاتھ چھور جاتا ہے۔