منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

ڈالر کی قدر میں اچانک اضافہ نے معیشت کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا، اکانومی واچ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ امریکی ڈالر کی قدر میں اچانک اضافہ نے معیشت کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، نئی مانیٹری پالیسی عوام کی مشکلات بڑھا دے گی۔

یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ فری مارکیٹ کے ناکام قوانین بلا سوچے سمجھے اپنانے کے نتیجہ میں امریکی ڈالر کی قدر میں اچانک اضافہ نے معیشت کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، عوام بے چارگی کی تصویر بن گئی ہے جبکہ انتہا درجہ کی بے یقینی سے کاروباری برادری سراسیمہ ہو گئی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ امریکی ڈالر پر مرکزی بینک کنٹرول ختم کرنے سے یہ کرنسی روز بلندی کا نیا ریکارڈ بنا رہی ہے اور روپیہ ملکی تاریخ کے بدترین بحران سے دوچار ہے۔

اہم امور پر حکومت کی غفلت اورخاموشی سے ملکی معیشت کا ستیاناس ہو رہا ہے جبکہ ملکی تقدیر کے فیصلے آئی ایم ایف اور سٹے باز کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے مزید کہا کہ حکومت خود بے یقینی کو ہوا دے رہی ہے، اس کی تمام پالیسیوں کی طرح ایکسچینج ریٹ پالیسی بھی ناکام ہو گئی ہے۔

روپیہ ایشیا کی بدترین کرنسی بننے کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد دنیا کی بدترین کرنسی بننے کی جانب گامزن ہے مگر حکومت چین کی بانسری بجا رہی ہے،انھوں نے کہا کہ سٹے باز ذاتی مفادات کو قومی مفادات قرار دے کر عوام اور حکومت کومزید بے وقوف نہ بنائیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں