قومی کھیل ہاکی میں جھگڑوں نے حالات اس نہج پر پہنچا دیے کہ پاکستان کو اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی سے محروم کر دیا گیا ہے۔
ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے لیکن متعلقہ حکام کی نا اہلی کے باعث یہ مسلسل تنزلی کا شکار ہے اور حالات اس حد تک خراب ہو چکے ہیں کہ اختیارات کی جنگ اور ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کے باعث پاکستان اپنے قومی کھیل کے اہم ایونٹ کی میزبانی گنوا بیٹھا ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے معاملات میں مسلسل مداخلت اور سابق اولمپئنز کی پی ایچ ایف پر تنقید کے باعث انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان سے اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی واپس لے لی ہے۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا موقف ہے کہ اس وقت پی ایچ ایف کی اندرونی اور اطراف کی صورتحال غیر یقینی ہے جس کی وجہ سے وہ پاکستان سے اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی واپس لے رہے ہیں۔
انٹریشنل ہاکی فیڈریشن نے اپنے فیصلے سے پی ایچ ایف کو آگاہ کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ہاکی فیڈریشن میں تنازع شدت اختیار کر گیا
واضح رہے کہ پاکستان کو پہلی بار اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی ملی تھی جو 13 سے 21 جنوری تک لاہور میں منعقد ہونا تھا اور اس میں 8 غیر ملکی ٹیموں نے شرکت کرنا تھی۔