اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان سارک ممالک کی کوویڈ-19پر ویڈیو کانفرنس کی میزبانی کرے گا، ویڈیو کانفرنس کل منعقد ہوگی جس میں کرونا پر تبادلہ خیال ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کا کہنا ہے کہ کل ہونے والے اجلاس میں سارک سیکرٹری جنرل بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، پاکستانی وفد کی قیادت معاون خصوصی ظفرمرزا کریں گے۔
’کانفرنس کا مقصد پاکستان کے وزراصحت اجلاس کے قدم کو بڑھانا ہے، کرونا کے حوالے سے رکن ممالک اپنی قومی کوششوں سے آگاہ کریں گے، اس دوان بحران کے مقابلے کے لیے گہرے تعاون پر بھی بات ہوگی‘۔
خیال رہے کہ وبائی مرض کروناوائرس کی دنیا بھر میں تباہ کاریاں جاری ہیں، عالمی ادارے مہلک وائرس کے مقابلے کے لیے ہرممکن کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، کل سارک میں اعلیٰ قیادت سرجوڑ کر بات چیت کرے گی۔
کرونا وائرس نے دنیا بھر میں ساڑھے 25 لاکھ انسانوں کو متاثر کردیا
جان لیوا وائرس کرونا کی وبا نے دنیا بھر میں تباہی مچا رکھی ہے لیکن اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر امریکا اور یورپ ہورہے ہیں جہاں لاشوں کا انبار تو لگ چکا ہے لیکن معیشت بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 77 ہزار 641 تک پہنچ چکی ہے لیکن حوصلہ کن بات یہ ہے کہ 6 لاکھ 90 ہزار سے زائد کرونا مریض ڈاکٹروں کی جدوجہد کی بدولت صحتیاب بھی ہوئے ہیں جبکہ دیگر مریضوں کی زندگیاں بچانے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔