اسلام آباد: لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے زخمی ہونے والی خاتون شہید ہوگئی، اقوام متحدہ کےمبصرین نے بھارتی فائرنگ سے متاثرہ دیہات کا دورہ کیا جبکہ پاکستان نے بھارتی بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج بھی کیا۔
بھارت نے پاکستان دشمنی میں معصوم شہریوں کو بھی نہیں چھوڑا، تین روز قبل بھارتی فوج نے آزاد کشمیرکے علاقے کوٹلی کے جندروب سیکٹرمیں بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس سے اٹھائیس سالہ فریدہ بیگم زخمی ہو گئی تھی، انہیں علاج کے لئے سی ایم ایچ راولپنڈی لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئیں۔
بھارتی فورسزکی جانب سے لائن آف کنٹرول او ورکنگ باوٴنڈری پرسیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں جس کے نتیجے میں متعدد پاکستانی شہری شہید اوردرجنوں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ادہر اقوام متحدہ کے مبصرین نے بھارتی فائرنگ سے متاثرہ بجوات سیکٹر کے دیہات کا دورہ کیا،مبصرین نے بھارتی گولہ باری سےزخمی افراد سے گفتگو کی اور متاثرہ مکانات کا جائزہ لیا۔
پاکستان نے بھارت سے حالیہ بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا ہے اور بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کر لیا گیاہے، حکومت پاکستان کی جانب سے شہید خاتون کے لواحقین سے اظہارتعزیت بھی کیا گیا ہے۔