اسلام آباد : پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کی سنگین صورتحال پر ترجمان آئی ایم ایف نے بیان جاری کردیا۔
اس حوالے سے ترجمان انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کا کہنا ہے کہ ہمیں پاکستان بھارت کے درمیان مسائل کے پرامن حل کی امید ہے، ہم امید کرتے ہیں پاکستان بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فنڈنگ کیلئے ایگزیکٹو بورڈ کا جائزہ اجلاس 9مئی کو ہوگا، اجلاس میں پاکستان کے لیے فنڈنگ کا جائزہ لیا جائے گا۔
ترجمان آئی ایم ایف نے واضح طور پر کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کے معاشی پروگرام کی معاونت کرتا ہے۔
دوسری جانب وزارت خزانہ حکام کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان کو آئی ایم ایف سے 2.3 ارب ڈالر پیکج ملنے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں کلائمیٹ فنانسنگ سے متعلق 1.3 ارب ڈالر کے آر ایس ایف پروگرام کی منظوری متوقع ہے۔
موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے فنڈز 28 ماہ میں اقساط میں ملیں گی، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 25 مارچ 2025 کو طے پایا تھا۔