وزیراعظم شہباز شریف کو قطری ہم منصب عبدالرحمان بن جاسم نے فون کیا اور خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق رات کی تاریکی میں بھارت کے پاکستان پر بزدلانہ حملے اور پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کے بعد دنیا بھر سے پاکستان سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔
قطری وزیراعظم عبدالرحمان بن جاسم نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیفلیون کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کے عزم کو سراہا اور کہا کہ قطر خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔
قطر کے وزیراعظم نے بھارت کے حملے میں پاکستان کے معصوم شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور حمایت پر قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں 6 مقامات پر میزائل حملے اشتعال انگیز ہیں۔ اس حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد شہید اور مساجد کو نقصان پہنچایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت نے جنوبی ایشیا میں امن واستحکام داؤ پر لگا دیا ہے۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور ہم خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا پوری طاقت کے ساتھ دفاع کریں گے۔
پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعہ کی شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش کی لیکن جارحیت کا خطرناک راستہ اختیار کرنا بھارت کا غیر ذمہ دارانہ ریاستی رویہ ظاہر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ بزدل دشمن بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان کے مختلف مقامات پر میزائل حملے کر کے 26 پاکستانی شہریوں کو شہید، 46 کو زخمی کر دیا تھا۔
پاک فوج نے اس بزدلانہ کارروائی کا فوری اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کے 5 طیارے، ایک ڈرون مارگرایا، 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک ایس یو طیارے کو مار گرایا تاہم بھارتی حملے میں پاک فضائیہ کے تمام طیارے اور اثاثے محفوظ ہیں۔