The news is by your side.

Advertisement

‘موقع ملا تو میں ضرور پاکستان جانا پسند کروں گا’

لندن: انگلش فاسٹ بولر ٹائمل ملز نے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے تجربے کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں دورہ پاکستان کا موقع ملا تو میں ضرور وہاں جانا پسند کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ دو ہزار اکیس میں انگلینڈ کے اسکواڈ میں شامل فاسٹ بولر ٹائمل ملز نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں پاکستان میں کئی مرتبہ جا چکا ہوں، پاکستان کرکٹ کھیلنے کیلئے ایک بہترین ملک ہے۔

ٹائمل ملز کا کہنا تھا کہ پاکستانی شائقین بہت اچھے ہیں، اور وہاں بہت اعلی کوالٹی کی کرکٹ کھیلی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انگلش بورڈ کی دورہ پاکستان سے انکار پر معافی، بڑا اعلان بھی کردیا

انگلینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے سے متعلق ٹائمل ملز کا کہنا تھا کہ اس سے متعلق زیادہ بات نہیں کرسکتا، یہ میرے سے اوپر کی باتیں ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 17 ستمبر سے ون ڈے سیریز راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلی جانی تھی جو نیوزی لینڈ کے اچانک انکار اور واپس جانے کے فیصلے کی وجہ سے منسوخ ہوگئی تھی جب کہ 20 ستمبر کو انگلینڈ نے بھی دورہ پاکستان منسوخ کردیا تھا۔

دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے معاملے پر 9 روز بعد انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین آئن واٹمور نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ آئندہ برس پورے ٹور کےلیے پاکستان جائیں گے اور آئندہ سال انگلینڈ کی ٹیم تین ٹیسٹ میچ اور پانچ ون ڈے کھیلنے پاکستان جائے گی۔

Comments

یہ بھی پڑھیں