اسلام آباد : چیئرمین نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس ڈاکٹرنوشیروان نے وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مارچ کی نسبت ٹیسٹنگ لیبز کی تعداد کو 4 سے بڑھا کر63 تک لے جایا جاچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس ڈاکٹرنوشیروان برکی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزرائے صحت نے کرونا وائرس کی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔
صوبائی وزرائے صحت نے اجلاس کے دوران اسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال اور طبی عملے کی حفاظت و سہولت پر بھی بریفنگ دی جبکہ کرونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافے سے متعلق بھی شرکا کو آگاہ کیا گیا۔
ڈاکٹر فیصل کی کرونا متاثرین کے اعداد و شمار، شرح اموات، کیسز پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان دوسرے ممالک کی نسبت کرونا وائرس سےکم متاثر ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مارچ کی نسبت ٹیسٹنگ لیبز کی تعدادکو 4 سے بڑھا کر 63 تک لے جایا جاچکا ہے، اس موقع پر صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہوم قرنطینہ پر شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جلد باضابطہ لائحہ عمل کا اعلان کردیا جائے گا۔
نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کے اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا، یاسمین راشد، تیمور سلیم جھگڑا نے شرکت کی جبکہ سینئر افسران اور ماہرین بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔