تازہ ترین

پاکستان کا گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر فرانس سے شدید احتجاج

اسلام آباد : پاکستان نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر فرانسیسی سفیر کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا جبکہ فرانسیسی صدر کے گستاخانہ بیان پربھی احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر فرانسیسی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا ، طلبی کانوٹس ڈی جی ساؤتھ ایشیا زاہد حفیظ کی جانب سے جاری کیا گیا۔

پاکستان نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر فرانس سے شدید احتجاج کرتے ہوئے فرانسیسی سفیرکواسپیشل سیکریٹری یورپ نےاحتجاجی مراسلہ حوالے کردیا۔

مزید پڑھیں : وزیر خارجہ کا اسلاموفوبیا کے حوالے سے اہم اعلان

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ فرانسیسی صدر کے گستاخانہ بیان پربھی احتجاج ریکارڈ کرایاگیا۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ گستاخانہ خاکوں سے پوری دنیا میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، فرانس کے صدر کے غیر ذمہ دارانہ بیانات نے جلتی پر تیل کا کام کیا، یہ پہلی مرتبہ ایسا نہیں ہوا، کچھ عرصہ قبل چارلی ہیبڈو نے گستاخانہ خاکے شایع کیے، کبھی قرآن پاک کو جلانے کے واقعات سامنے آتے ہیں، کبھی پتا چلتا ہے کہ حجاب پر پابندی کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا اہم اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے آئندہ اجلاس میں، میں وزیر اعظم کی ہدایت پر اس حوالے سے ایک جامع قرارداد پیش کروں گا جس میں 15 مارچ کا دن، اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے طور پر طے کرنے کی تجویز دیں گے۔

Comments

- Advertisement -