کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ تعلقات کی مزید مضبوطی پر زور دیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف اور کمانڈررائل سعودی نیول فورسز سے بھی ملاقات کی۔ کمانڈررائل سعودی نیول فورسزوائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ نے نیول چیف کا پرتپاک استقبال کیا۔
سربراہ پاک بحریہ کو رائل سعودی نیول فورسزہیڈکوارٹرز آمد پرگارڈآف آنرپیش کیا گیا۔
پاکستان سعودی عرب کا سب سے قریبی دوست ہے، کمانڈر سعودی نیول فورس
ترجمان نے بتایا کہ امیرالبحر کو رائل سعودی نیول فورسز اور آپریشنز سے متعلق بریفنگ دی گئی، نیول چیف نے رائل سعودی نیول فورسز کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ اہم ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور بحری تعاون کےفروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقاتوں میں رائل سعودی نیول فورسزکی صلاحیت میں اضافے کوسراہا گیا۔
ملاقاتوں میں عسکری تربیت کے لیے پاک بحریہ کے کردار کی بھی تعریف کی گئی۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق سعودی حکام نے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو سراہا اور علاقے میں امن واستحکام کے سلسلے میں پاک بحریہ کے اقدامات کی تعریف کی، نیول چیف کا دورہ بحری افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا اور مسقبل میں مثبت نتائج لائے گا۔