ریلوے مسافروں کے لیے خوشخبری ہے کہ وفاقی وزیر نے عیدالاضحیٰ کے 3 دن ٹرین کرائیوں میں 20فیصد خصوصی رعایت کا بڑا اعلان کر دیا۔
وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ پر 5 خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی جب کہ عیدالاضحیٰ کے 3 دن ٹرین کرائیوں میں 20فیصد خصوصی رعایت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ساتھ کیےگئے معاہدے مکمل طور پر نبھائیں گے پاکستان ریلوے نے 77 سالہ تاریخ میں نئی کامیابیاں حاصل کیں، 11مہینوں میں پاکستان ریلوے کی کارکردگی شاندار رہی، ریلوے کی آمدن 83 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا فریٹ ٹرینز سے آمدن حاصل کرتی ہے ہم بھی آؤٹ سورس کریں گے، رواں مالی سال 42 ارب روپے پسنجر سروسز سے کمائے ریلوے کی لیز شدہ جگہوں سے بھی آمدن حاصل ہو رہی ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کے 8 اسپتالوں کے لیے ایک ارب روپے کا بجٹ مختص ہے ریلوے اسپتالوں کو بھی آوٹ سورس کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے ریلوے ملازمین کو علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔