لاہور : پاکستانی بچوں نے دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کرلیا ،اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے پاس تھا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے انسانی پرچم کا ریکارڈ پاکستان نے اپنے نام کرلیا۔
آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) لاہور کے بچوں کی جانب سے نیاعالمی ریکارڈ قائم کیا، لاہور گیریژن ایجوکیشن سسٹم کے طلبہ نے سب سے بڑا انسانی پرچم بنایا۔
پاکستان کا انسانی جھنڈا بنانے میں10 ہزار سے زائد طلبہ نے حصہ لیا ، اس سے قبل انسانی جھنڈا بنانے کا ریکارڈ بھارت کے پاس تھا۔
بھارت کے 7368 طلبہ نے رواں سال انسانی جھنڈا بنا کر گنیز ورلڈ بک میں نام لکھوایا تھا تاہم پاکستانی طلبہ نے بڑے مارجن سے بھارت کا ریکارڈ توڑ دیا۔
نیاعالمی ریکارڈ حکومت پنجاب کی جانب سے منعقد کیے گئے، لاہور یوتھ فیسٹول میں بنایا گیا ، منفرد ریکارڈ قائم کرنے کے بعد طلبہ نے جشن منایا اور ملی نغموں کی دھنوں پر جھومتے رہے۔
یوتھ فیسٹیول کے فائنل مقابلے 8 سے 10 نومبر تک فورٹریس اسٹیڈیم لاہور کینٹ میں منعقد کئے جائیں گے ، 8 اور 10 نومبرکو رنگارنگ افتتاحی اور اختتامی تقریبات کا شاندار انعقاد بھی کیا جائے گا۔