کراچی : پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس میں652 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ڈالر مزید92پیسے کے اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران تیزی کی واپسی ہوئی ہے، 100 انڈیکس 652.40پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی جبکہ 31 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر بحال ہو گئی ہے۔
گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں 1042 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ100 انڈیکس 30 ہزار 579 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا، آج پورے کاروباری روز کے دوران ایک موقع پر 31303.13 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا۔
کاروبار کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 652.40 کی تیزی کے بعد 31231.55 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
علاوہ ازیں انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 92 پیسے اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد ڈالر انٹر بینک مارکیٹ میں167 روپ90 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔
لاک ڈاﺅن کے باعث روپے پر دباﺅ بڑھ رہا ہے اور اب تک روپے کی قدر میں5.4 فیصد کمی واقع ہوچکی ہے، 17روز کے دوران20مارچ سے اب تک روپے کی قدر 9روپے23 پیسےکی کمی ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور ایسی صورتحال میں لاک ڈاﺅن کے باعث روپے کی قدر پر بھی دباﺅ بڑھ رہاہے اور ڈالر آئے روز مہنگا ہوتا چلا جارہا ہے۔