کراچی : پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں 25اکتوبرسے نئے ٹریڈنگ سسٹم کا نفاذ ہوجائے گا، اس سلسلے میں پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے اوقات کار میں تبدیلی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نیاٹریڈنگ سسٹم 25اکتوبرسےکام شروع کردے گا ، اس وقت مارکیٹ میں 20سال پرانےٹریڈنگ سسٹم سے کام چلایا جارہا ہے ، نئے ٹریڈنگ سسٹم سے ٹریڈنگ میں تیزی اور شفافیت میں اضافہ ہوگا۔
انتظامیہ نے نئے ٹریڈنگ سسٹم سے متعلق بروکیج ہاؤسز کو قبل از وقت آگاہ کردیا ہے ، نئےٹریڈنگ سسٹم نفاذکےساتھ مارکیٹ کی اوقات کار بھی تبدیل کردی جائے گی۔
اس حوالے سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے نئے اوقات کار جاری کردیئے گئے ہیں ، ترجمان اسٹاک ایکس چینج کا کہنا ہے کہ پیر سے جمعرات اسٹاک مارکیٹ کا آغاز صبح 9:30 اور اختتام شام 4 بجے ہوگا۔
ترجمان کے مطابق جمعہ کوکاروبار کا پہلا سیشن صبح 9:15 سے دوپہر 12 بجے تک اور کاروبار کا دوسرا سیشن دوپہر 2:30سےشام 5بجےتک ہوگا، نئے اوقات کار کا اطلاق 25 اکتوبر سے ہوجائے گا۔