کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس میں 100 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا، 100 انڈیکس 41 ہزار پوائنٹس کی سطح سے تجاوز کر گیا۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی، 100 انڈیکس میں 100 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
انڈیکس 100 پوائنٹس اضافے کے بعد 41 ہزار 156 پر پہنچ گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے 100 انڈیکس میں 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا تھا جس کے بعد انڈیکس 40 ہزار 572 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
رواں ماہ کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کا 4 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا، 100 انڈیکس میں 283 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا اور 0.71 فیصد اضافے کے ساتھ 40 ہزار 166 کی سطح پر بند ہوا تھا۔
مذکورہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں 24 ارب مالیت کے 82 کروڑ شیئرز کا کاروبار کیا گیا تھا، آخری بار اسٹاک ایکسچینج میں ایسی تیزی اکتوبر 2016 میں دیکھی گئی تھی۔
دوسری جانب ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں منفی رجحان دیکھا جارہا ہے، مختلف ایشیائی ممالک کے انڈیکس میں پوائنٹس کی کمی ریکارڈ ہو رہی ہے۔
اس کے علاوہ امریکی خام تیل کے سودے کی 43 ڈالر 33 سینٹس فی بیرل پر ٹریڈنگ ہو رہی ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ کی قیمت 45 ڈالر 70 سینٹس فی بیرل پر آگئی۔