کراچی: گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 1606 پوائنٹس کے اضافے سے 37 ہزار 584 پوائنٹس پر بند ہوا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی۔ گزشتہ ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں ساڑھے 4 فیصد کا اضافہ ہوا۔
100 انڈیکس کا اختتام 16 سو 6 پوائنٹس کے اضافے سے 37 ہزار 584 پوائنٹس پر ہوا۔
گزشتہ ہفتے کے پہلے روز پیر کو دوران ٹریڈنگ 800 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا۔ پہلے کاروباری روز کے اختتام تک 100 انڈیکس 36 ہزار 710 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ یہ مارکیٹ کی 6 ماہ کی بلند ترین سطح پر ٹریڈنگ تھی۔
پیر کے روز مجموعی طور پر 370 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا تھا جن میں سے 206 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 144 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 20 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔
بعد ازاں تیسرے روز بدھ کو 100 انڈیکس میں 37 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور ہوگئی تھی۔ 100 انڈیکس میں 417 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد انڈیکس 37 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرگیا تھا۔
گزشتہ ہفتے کے دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن کا حجم 46 ارب 20 کروڑ ڈالر رہا۔ پورے ہفتے کے دوران اوسط کاروباری حجم 31 کروڑ 12 لاکھ شیئرز رہا۔ اس عرصے میں 4 سیشنز میں انڈیکس مثبت زون میں بند ہوا۔