کراچی: گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں مندی دیکھی گئی، 100 انڈیکس 42 ہزار سے واپس 41 ہزار پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق 21 سے 25 ستمبر 2020 کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس میں 803 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد انڈیکس 42 ہزار 504 سے کم ہو کر 41 ہزار 701 پوائنٹس پر بند ہوا۔
گزشتہ ہفتے 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 42 ہزار 553 اور کم ترین سطح 41 ہزار 417 پوائنٹس رہی۔
اس ہفتے 67.69 ارب روپے مالیت کے 2.32 ارب شئیرز کا کاروبار کیا گیا، سرمایہ کاروں کو 127 ارب روپے کا نقصان ہوا جبکہ ایک ہفتے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 7 ہزار 945 ارب سے کم ہو کر 7 ہزار 818 رہ گئی۔
ڈالر کی قدر میں کمی
گزشتہ ہفتے ڈالر کی قدر میں بھی کمی واقع ہوئی۔ ایک ہفتے میں انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 4 پیسے کمی ہوئی۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 165 روپے 83 پیسے سے کم ہو کر 165 روپے 79 پیسے پر بند ہوا۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں استحکام رہا، ایک ہفتے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 166 روپے 20 پیسے برقرار رہی۔