تازہ ترین

ناروے میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے تیسرا میچ بھی جیت لیا

اوسلو: ناروے میں جاری ٹورنامنٹ میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے اپنا مسلسل تیسرا میچ بھی جیت لیا۔

تفصیلات کے مطابق اوسلو، ناروے میں جاری فٹبال کپ ’ناروے کپ‘ کے دوران پاکستان سے تعلق رکھنے والی اسٹریٹ چائلڈ پر مشتمل فٹبال ٹیم ’مسلم ہینڈز‘ نے ناروے کی ٹیم شولڈ اِل/اسٹیگابورڈ کو شان دار شکست دے کر اپنا تیسرا میچ بھی جیت لیا۔

پاکستانی ٹیم نے اپنا یہ تیسرا میچ 2 صفر سے شان دار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیتا ہے، میچ میں کامیابی پر تماشائیوں کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں جمع ہو گئی تھی اور تماشائیوں نے پاکستانی پرچم اٹھاتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

پاکستان کی جانب سے احمد رضا نے چوتھے منٹ میں خوب صورت گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی اور کچھ دیر بعد طفیل شنواری نے ایک اور گول کر کے میچ جیت لیا، اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان گروپ 15 میں سرفہرست آ گیا ہے اور پلے آف کے لیے کوالیفائی کر گیا ہے۔ راؤنڈ آف 32 میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ ٹیم جمعرات کو ناروے مولڈے فٹبال کلب سے مقابلہ کرے گی۔

31 جولائی کو مسلم ہینڈز نے اپنے دوسرے میچ میں اَروول اِل کلب کو 2-1 سے شکست دے کر سیکنڈ راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا تھا، قومی ٹیم کی جانب سے کپتان طفیل شنواری، عبدالوہاب نے ایک، ایک گول اسکور کیا تھا۔ جب کہ اپنے پہلے میچ میں قومی ٹیم نے فرِگ اوسلو کو ایک کے مقابلے میں 11 گول سے ہرایا تھا۔

ناروے میں پاکستانی سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے ناروے کپ میں شامل پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے ان کی کارکردگی کو سراہا۔

Comments

- Advertisement -