راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان پُرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لیے کوشاں ہے، افغان فریقین کے مابین متفقہ سیاسی تصفیہ چاہتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی انٹیلی جینس سروس کے سربراہ رچرڈموور سے ملاقات کی، اس موقع پر باہمی، پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، انٹیلی جینس اور دفاعی تعاون سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں امریکی انخلا کے بعد افغانستان کی صورت حال اور علاقائی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ رچرڈموور نے علاقائی امن واستحکام کے لیے پاکستانی انتھک کاوشوں کو سراہا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان پُرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لیے کوشاں ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کی ہر ممکن مدد کے لیے پُرعزم ہے، افغان فریقین کے مابین متفقہ سیاسی تصفیہ چاہتے ہیں، افغانستان میں استحکام اور علاقائی امن وخوش حالی کے لیے ناگزیر ہے۔