جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

پاکستانی کھلاڑی نمیبین ٹیم کا حوصلہ بڑھانے ان کے ڈریسنگ روم پہنچ گئے

اشتہار

حیرت انگیز

گزشتہ روز آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی، تاہم نمیبیا کی کارکردگی بھی متاثر کن رہی جس پر ان کی حوصلہ افزائی کرنے پاکستانی کرکٹ ٹیم نمیبین کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم پہنچ گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فتح کی خوشی منانے کے بعد پاکستانی شاہینوں نے نمیبیا کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم کا رخ کیا۔

پوری ٹیم نمیبین ٹیم کے ڈریسنگ روم پہنچی اور دل شکستہ بیٹھے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی ہمت بندھائی۔

- Advertisement -

نمیبیا کی کرکٹ ٹیم نے اب تک گروپ کی دیگر ٹیموں بشمول بھارت کی نسبت بہتر کارکردگی دکھائی جس پر پاکستانی کھلاڑیوں نے انہیں سراہا اور مبارک باد دی۔

اس دوران محمد حفیظ نمیبیا کے کھلاڑی کو خاص ٹپس بھی دیتے نظر آئے جبکہ کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر بھی بنائی۔

پاکستانی ٹیم کے اس اقدام کو نمیبیا کرکٹ بورڈ نے بھی سراہا اور اسے حقیقی اسپورٹس مین شپ قرار دیا۔ نمیبیا کی جانب سے کہا گیا کہ ورلڈ کپ کی بہترین ٹیم کے مدمقابل آنا ان کے لیے ایک اعزاز تھا۔

سوشل میڈیا صارفین نے بھی پاکستانی ٹیم کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اس بار ٹورنامنٹ میں میچ تو جیت ہی رہی ہے، ساتھ ہی مسلسل دل بھی جیت رہی ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز نمیبیا کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیا گیا 190 رنز ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا سکی۔

گزشتہ روز کے میچ میں فتح کے بعد پاکستان آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان اپنے چاروں میچ جیت کر 8 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ نمیبیا ایک میچ جیت کر 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں