ملتان ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کا انجام قومی ٹیم کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ میں مزید تنزلی کی صورت سامنے آ گیا۔
پاکستان جس نے آئی سی سی ٹیسٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل 25-2023 کا آغاز سری لنکا کو گزشتہ سال وائٹ واش کر کے ٹاپ پوزیشن کے ساتھ کیا تھا مگر اس کے بعد ٹیم کی قیادت بدلتے ہی ایسا زوال آیا کہ ٹیم جیسے جیتنا ہی بھول گئی اور شان مسعود کی کپتانی میں مسلسل 6 شکستوں کے بعد آخری نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
ملتان ٹیسٹ کے اختتام پر پاکستان ٹیم کے پوائنٹ ویسٹ انڈیز سے بھی کم ہوگئے اور وہ 20 پوائنٹ کے ساتھ سب سے آخری نویں نمبر پر جا پہنچی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے اپنے نئے کرکٹ کلینڈر ایئر کا آغاز گزشتہ ماہ بنگلہ دیش سے دو ٹیسٹ میچوں کی کرکٹ سیریز سے کیا تھا۔ اس وقت پاکستان ٹیم چھٹی پوزیشن پر اور بنگلہ دیش کی ٹیم آٹھویں نمبر پر تھی۔
تاہم بنگال ٹائیگرز نے پاکستان کو اسی کی سر زمین پر وائٹ واش کر کے نہ صرف دنیائے کرکٹ کو حیران کیا بلکہ اپنی پوزیشن بہتر اور پاکستان کو پیچھے دھکیل دیا تھا۔
اس فتح اور شکست کے ساتھ بنگلہ دیش چھٹی اور پاکستان ٹیم آٹھویں پوزیشن پر آ گئی تھی تاہم ملتان میں انگلینڈ سے اننگ اور 47 رنز کی ہار نے پاکستان کی رینکنگ کو مزید نیچے کر دیا اور وہ 60 سال بعد سب سے کم پوائنٹس کے بعد سب سے آخری پوزیشن پر جا پہنچی ہے۔