اسلام آباد : وزیراعظم ہاؤس نے پاکستان میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق امریکا کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا برابری، باہمی مفاد اور تعاون پر مبنی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے بعد امریکا کی جانب سے بیان پر وزیراعظم ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکا کا پاکستان میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق بیان دیکھا، امریکا کی جانب سے طویل مدتی تعاون کے عزم کو سراہتے ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس کا کہنا تھا کہ امن، سیکیورٹی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد پرمثبت تعاون چاہتےہیں، امریکا سے برابری، باہمی مفاد اور تعاون پرمبنی تعلقات کو فروغ دیناچاہتے ہیں۔
یاد رہے شہباز شریف کے وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں کسی ایک سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتے۔
جین ساکی سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا جوبائیڈن شہباز شریف سے رابطہ کریں گے، جس پر جین ساکی نے جواب دیا کہ شہباز شریف کو بائیڈن کی کال کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین کی پاسداری کے عمل کی حمایت کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔