ابو ظہبی: پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دے دی جس کے بعد پاکستان نے 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-1 سے جیت لی۔
تفصیلات کے مطابق ابو ظہبی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں 164 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے چوتھے روز ایرون فنچ اور ٹریوس ہیڈ نے نامکمل اننگز کا آغاز کیا، ٹیم کا مجموعی اسکور 71 رنز بنا تو ٹریویس ہیڈ 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ایرون فنچ 31، شان مارش 5 اور کپتان ٹم پین بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔
آسٹریلوی کھلاڑی مچل اسٹارک 27 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد پیٹرسڈل بھی صرف 3 رنز بنا کر چلتے بنے۔
پاکستان کی جانب سے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والے محمد عباس نے 4 وکٹیں جبکہ یاسر شاہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ جیتنے کے بعد پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ریکارڈ بھی بنا لیا۔ رنز کے اعتبار سے یہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف سب سے بڑی جیت ہے۔
اس سے قبل پاکستان نے سنہ 2014 میں آسٹریلیا کو 356 رنز سے شکست دی تھی۔
گزشتہ روز پاکستان نے ابو ظہبی ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے آخری سیشن میں دوسری اننگز 400 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 538 رنز کا ہدف دیا تھا۔
قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں محمد عباس نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 جبکہ بلال آصف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
واضح رہے کہ 2 میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت میچ ڈرا ہوگیا تھا۔
میچ کے بعد شاندار بولنگ پر محمد عباس مین آف دی میچ قرار پائے۔ محمد عباس سیریز کے بھی بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
انہوں نے کہا کہ محنت کر رہا ہوں، ون ڈے کے لیے بھی دستیاب ہوں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ محمد عباس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تمام کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ نئے لڑکوں کو بھرپور موقع فراہم کیا جا رہا ہے، محمد عباس کی بولنگ سے دونوں ٹیموں میں فرق ثابت ہوا۔