اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان امن، مفاہمتی عمل میں سہولت کاری کا کردار ادا کرتا رہے گا، خطے میں امن کا بگاڑ روکنے کے لیے امریکا کی مستقل توجہ ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے امریکی سینیٹرلنزے گراہم کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس میں کہا گیا ہے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک کا معاملہ امریکا سے اٹھایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اقلیتوں کے خلاف بھارتی حکومت امتیازی پالیسیاں اپنا رہی ہے، خطے میں امن کا بگاڑ روکنے کے لیے امریکا کی مستقل توجہ ضروری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ امن،خوشحالی، ترقی کے لیے پاکستان،امریکا میں شراکت داری اہم ہے، اقتصادی تعاون مضبوط کرنے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان افغان امن، مفاہمتی عمل میں سہولت کاری کا کردار ادا کرتا رہے گا، سینیٹر لنزے گراہم نے افغان امن عمل میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکی سینیٹر نے قبائلی علاقوں کو ترقیاتی دھارے میں شامل کرنے پر پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔ لنزے گراہم نے سرحدی باڑ لگانے کے اقدام پر پاکستان کی تعریف کی۔