جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

پاکستان جلد ہی گرے لسٹ سے بھی باہر نکل آئے گا، وزیرخارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کی پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی سازشیں ناکام ہوگئیں، پاکستان جلد ہی گرے لسٹ سے بھی باہر نکل آئے گا۔

تفصیلات کے مطابق ملتان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں کی حکومت گرانے کی خواہش دل ہی میں رہےگی، پی ٹی آئی انتخابات میں مقبول ترین جماعت بن کر ابھری ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عوام نے پی ٹی آئی کو بھرپور مینڈیٹ دیا ہے، عوامی مینڈیٹ کے مطابق آئینی مدت پوری کریں گے، حکومت گرانےکی باتیں کرنے والے احتساب سے بچنے کے لیے شور مچا رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک بہت بڑے مافیا کا مقابلہ کر رہے ہیں جو افواہیں پھیلا رہا ہے، قومی دولت لوٹنے والوں کو احتساب کا سامنا کرنا ہوگا، پہلی بار بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالاگیا، لوٹی ہوئی دولت واپس لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2020 معاشی ترقی کا سال ہے، ملکی معیشت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، قوم کو جلد اچھی خبریں دیں گے، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف اجلاس میں بھارت کو منہ کی کھانا پڑی، بھارت کی پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی سازشیں ناکام ہوگئیں، پاکستان جلد ہی گرے لسٹ سے بھی باہر نکل آئے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا، افغان طالبان امن معاہدہ پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے، افغانستان میں امن ہوگا تو خطےمیں امن ہوگا، افغانستان میں قیام امن سے پاکستان سمیت پورا خطہ مستفید ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے دن سے رائے تھی افغانستان میں امن طاقت سے نہیں مذاکرات سے ہوگا، کسی کو توقع نہیں تھی افغان طالبان، امریکا ایک میز پر بیٹھیں گے، پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں