ابوظہبی: پاکستان نے ابوظہبی ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو ایک سو تینتیس رنز سے شکست دے دی، شاہینوں نے تین میچز کی سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کے بعد پاکستان نے ٹیسٹ سیریز بھی جیت لی، قومی ٹیم کو کلین سوئپ کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے لئے مزید ایک فتح درکار ہے، ابوظہبی ٹیسٹ میں ویسٹ انڈین کھلاڑی چار سو چھپن رنز کے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی ہمت ہارگئے۔
میچ کے آخری دن ویسٹ انڈیز نے چار وکٹ کے نقصان پر 117 رنز سے دوبارہ اننگز کا آغاز کیا تو راسٹن چیز اور جرمین بلیک وڈ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 70 رنز بنائے لیکن راسٹن چیز یاسر شاہ کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ ہوکر آؤٹ ہوئے۔
بلیک ووڈ نے کچھ مزاحمت کی لیکن وہ بھی پچانوے رنز بناکر یاسر کا شکار بن گئے، جرمین بلیک وڈ پانچ رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے۔
جیسن ہولڈر کو بھی یاسر نے ایل بی ڈبلیو کیا، یاسر کے علاوہ محمد نواز اور راحت علی نے پاکستان کے لیے ایک ایک وکٹ جبکہ ذوالفقار بابر نے دو وکٹیں گرائیں۔
مزید پڑھیں : ابوظہبی ٹیسٹ: چوتھا دن، ویسٹ انڈیز کے171رنز، چارکھلاڑی آؤٹ
ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین سو بائیس رنز بناکر آؤٹ ہوئی، یاسر کی گیند پر مصباح الحق نے وننگ کیچ پکڑا، دس وکٹیں لینے پر یاسر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
اس میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز میں یونس خان کی سنچری کی بدولت 452 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 224 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، رنز کی سبقت حاصل ہونے کے باوجود پاکستانی کپتان مصباح الحق نے فالو آن کے بجائے دوبارہ بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور دوسری اننگز 227 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔