بھارت میں ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں پاکستانی 20 روپے کا نوٹ ملا، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر اس سے متعلق تحقیقات شروع کردی ہے۔
پونے میں واقع ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں 20 روپے کا پاکستانی نوٹ ملنا تھا کہ کئی طرح کی افواہیں سامنے آنے لگیں اور پولیس کو مطلع کیا گیا، پونے کے گاؤں کے قریب واقع رہائشی سوسائٹی کی لفٹ میں یہ 20 روپے کا پاکستانی نوٹ پڑا ہوا ملا۔
کسی جاسوسی کا شاخسانہ سمجھتے ہوئے رہائشی سوسائٹی کے لوگوں نے 20 روپے کا نوٹ باودھان پولیس سٹیشن کے حوالے کر دیا ہے جس کے بعد پولیس بھی مستعد ہوگئی۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ 20 روپے کا یہ پاکستانی نوٹ نیشنل ڈیفینس اکیڈمی (این ڈی اے) سے 18 کلومیٹر دور مانس لیک ہاؤسنگ سوسائٹی سے ملا ہے۔
پولیس افسر انیل وبھوتے نے بتایا کہ پاکستانی نوٹ ملنے کے بعد وہاں کے لوگوں نے پولیس اسٹیشن سے رابطہ کیا اور اس معاملے کا پتالگانے کی درخواست کی۔
پاکستانی نوٹ ملنے کے سلسلے میں پولیس رہائشیوں کے بیانات ریکارڈ کرگے گی تاہم اب تک پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی۔
حکام نے بتایا کہ لفٹ کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمرہ تو موجود ہے لیکن وہ گزشتہ سال 24 نومبر سے کام نہیں کر رہا ہے، اس ہاؤسنگ سوسائٹی میں 84 فلیٹ ہیں، مزید سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیا جائے گا۔