کراچی: برطانیہ کیلئے پاکستانی ایئرلائنز کے پروازوں کی بحالی سے متعلق اہم پیش رفت ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی 7 رکنی ٹیم آڈٹ کیلئے آج رات پاکستان پہنچےگی اور ٹیم کل سے پاکستان سی اےاے کا آڈٹ شروع کرے گی۔
برطانوی ٹیم 27 جنوری سے 6 فروری تک آڈٹ کرے گی۔
آڈٹ میں کامیابی پر تمام پاکستانی ایئرلائنز پر 2020 سے برطانیہ میں لگی پابندی ختم ہو جائےگی۔ اس حوالے سے پاکستان سول ایوی ایشن کے حکام نے آڈٹ کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
سی اےاے ملازمین کو برطانوی ٹیم کے آڈٹ کے دوران چھٹی کے روز بھی دفتر آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نجی ائیرلائن نے برطانیہ کیلئے پروازوں کے آغاز کی تیاریاں شروع کردی ، چند روز میں پابندی ہٹانے کے بعد برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن شروع ہوگا۔
ائیر بلیو نے لاہور، اسلام آباد سے برطانیہ کیلئے پروازوں کے آغاز کی تیاری شروع کی ہے۔
ایئرلائن انتظامیہ نے لندن اور مانچسٹر ائیرپورٹ پراسسٹنٹ منیجرٹرمینل کسٹمرسروسز کیلئے بھرتی کا آغاز کردیا ہے۔
اس سلسلے میں ایئرلائن انتظامیہ نے یوکے نیشنل افراد سے درخواستیں طلب کر لیں ہیں۔
خیال رہے یورپ کے لیے براہ راست پروازوں پر پابندی کے خاتمے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی برطانیہ میں پاکستانی ایئرلائنز کی براہ راست پروازوں پر عائد پابندی ہٹوانے کے لیے متحرک ہوگئی۔