پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد کہا ہے کہ آج کا دن ہمارے لیے برا تھا۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلی جا رہی سہ فریقی ٹی 20 سیریز میں میزبان نیوزی لینڈ سے بدترین شکست کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پچ سلو تھی ہم نے بیٹنگ اچھی نہیں کی، آج کا دن ہمارے لیے برا تھا۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستانی بلے باز اور بولر دونوں ناکام رہے، پہلے پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 130 رنز ہی بنا سکے۔
بیٹنگ کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ تمام اوورز کھیلنے کے باوجود قومی ٹیم کا کوئی بھی بیٹر چھکا نہ مار سکا جبکہ میچ میں باؤنڈریز کی تعداد بھی کم رہی، اس میچ میں پاکستان ٹیم نے مجموعی طور پر میچ میں 15 چوکے لگائے۔
مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو باآسانی شکست دے دی
اس سے قبل سیریز کے پہلے میچ میں بنگلا دیش کے خلاف پاکستان نے 4 چھکے اور 18 چوکے لگائے تھے جب کہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیم نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مجموعی طور پر میچ میں 3 چھکے اور 16 چوکے لگائے تھے۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 21 رنز سے جبکہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو 6 وکٹ سے ہرایا تھا۔