کراچی: پاکستانی سنیما مالکان نے بھارتی فلموں پر عائد خود ساختہ پابندی ختم کردی اور پیر سے سینماؤں پر بھارتی فلمیں لگانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے مظالم اور لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے بعد پاکستانی سنیما گھروں کے مالکان نے بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کی تھی۔
پاکستانی سنیما مالکان نے آج اعلان کیا کہ 19 دسمبر سے ملک بھر میں ہندوستانی فلموں کی نمائش دوبارہ شروع کردی جائے گی۔ مالکان کا کہنا ہے کہ فلموں کی نمائش معطل کی تھی تاہم ان پر مکمل پابندی عائد نہیں کی گئی تھی۔
خیال رہے رواں سال ستمبر میں مقبوضہ کشمیر میں اڑی سیکٹر پر حملے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں تیزی آنے کے بعد سنیما مالکان نے بھارتی فلموں کی نمائش پر خودساختہ پابندی عائد کی تھی۔
پڑھیں: ’’ پاکستانی سینما گھروں میں ایرانی فلموں کی نمائش کا فیصلہ ‘‘
پاک بھارت کشیدگی کے باعث ستمبر کے مہینے میں انڈین پرڈیوسرز ایسوسی ایشن نے پاکستانی فنکاروں اور بالی ووڈ میں فنی خدمات انجام دینے والے افراد پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔
قبل ازیں بھارتی ہندو انتہاء پسندوں نے انڈیا میں موجود پاکستانی فنکاروں کو فوری ملک چھوڑنے کی دھمکی دیتے ہوئے فلم ڈائریکٹرز سے مطالبہ کیا کہ وہ آئندہ اپنی فلموں میں پاکستانی فنکاروں کو جگہ نہ دیں۔
مزید پڑھیں: ’’ فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن کا بھارتی فلموں پر پابندی کا مطالبہ ‘‘
ہندو انتہاء پسندوں نے فلم اے دل ہے مشکل میں پاکستانی اداکار کے شامل ہونے پر ڈائریکٹر کرن جوہر سے بھتہ طلب کیا اور نمائش روکنے کی دھمکی بھی دی تھی تاہم انہوں نے انتہاء پسندوں کے آگے گھٹنے ٹیکتے ہوئے آئندہ اپنی فلموں میں پاکستانی فنکاروں کو کام نہ دینے کا اعلان کیا۔