اشتہار

آسمان سے سفید موتی کی صورت برستے اولوں سے پاکستانی شہر یورپ بن گئے، ویڈیو اور تصاویر

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور ژالہ باری جاری ہے کچھ شہروں میں تو برفیلے اولوں نے تو یورپ کا نظارہ پیش کردیا جب کہ تھرپار میں بارش بہار لے آئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اس وقت کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ موسم بہار میں کہیں بارش سے جل اور تھل ایک ہو رہے ہیں تو کہیں شہری ہلکی بارش سے محظوظ ہو رہے ہیں۔ جہاں اولے بڑے بڑے سفید موتی کی صورت آسمان سے گرے تو وہاں موسم اور بھی حسین ہوگیا۔

- Advertisement -

ملک کے بیشتر شہر ایسے بھی ہیں جہاں بارش کے ساتھ ژالہ باری نے دھوم مچا دی ہے۔ گزشتہ دنوں میں کراچی، حیدرآباد سمیت متعدد شہروں کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تڑتڑاتی ژالہ باری ہوئی ہے۔

 

بعض شہر تو ایسے ہیں جہاں شدید ژالہ باری کے باعث اولوں کا قالین بچھ گیا ہے۔ پنجاب کے شہر منڈی بہاؤ الدین تو یورپ جیسا نظر آ رہا ہے جہاں گھر، سڑک، میدان، کھیت، کھلیان ہر جگہ اولوں نے سفید قالین بچھا دیا ہے۔ یہ نظارہ منڈی بہاالدین کی تاریخ میں اس سے قبل کبھی دیکھنے میں نہیں آیا تھا۔

 

ایسے میں جہاں یہ نظارے دیکھ کر شہری لطف اندوز ہوئے وہیں کسانوں کو بڑے پیمانے پر نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

منڈی بہاؤالدین میں تاریخ کی شدید ژالہ باری سے گندم، مکئی، چنا، آلو اور مونگ پھلی کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے منڈی بہاالدین میں پہلی مرتبہ اتنی ژالہ باری دیکھی ہے جس نے انہیں تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

واضح رہے کہ منڈی بہاؤالدین کے علاقے ست سرا، پھالیہ، سوہاوہ، شوگر مل روڈ پر شدید ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔شہریوں کی جانب سے ٹوئٹر پر ژالہ باری کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کی گئی ہیں جو خوب وائرل ہو رہی ہیں۔

ملتان میں بھی تیز بارش اپنے ہمراہ آسمان سے اولے لے کر آئی۔ اس کے علاوہ لیہ، میلسی، جلال پوربھٹیاں، پھالیہ اور جہانیاں سمیت کئی شہروں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری نے رُت ہی بدل دی۔ تربت میں بھی خوب اولے گرے اور ہر طرف سفیدی ہی سفیدی چھا گئی۔

سندھ کے صحرائی علاقے تھرپار میں بارش بہار لے آئی ہے اور وہاں کے پہاڑ اور میدان ہرے بھرے ہوکر بہترین تفریحی مقام بن گئے ہیں جہاں مقامی سمیت اطراف کے علاقوں سے جہاں لوگ تفریح کے لیے آ رہے اور محظوظ ہو رہے ہیں، وہیں مور بھی پنکھ پھیلائے اس مسحور کن موسم میں رقصاں نظر آنے لگے ہیں۔

مانسہرہ میں بھی بادل جم کر برسے اور تیز ہوائیں چلیں جس سے نظارے نکھر گئے۔ جڑواں شہر پنڈی میں جل تھل ایک ہوا جس سے موسم تو خوشگوارہوا لیکن نشیبی علاقے پانی میں ڈوبنے سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔

Comments

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں