اسلام آباد: وفاقی تحقیقات ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی لڑکیوں کو چین اسمگل کرنے والا منظم گروہ پکڑا گیا۔
ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی لڑکیوں کو چین اسمگل کرنے والے گروہ کے 3 ملزمان گرفتار کیے، ملزمان نے شادی اور ملازمت کا جھانسہ دے کر لڑکی کو اسمگل کرنے کی کوشش کی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے ساتھ مسافر پاکستانی خاتون کو بھی حراست میں لے لیا گیا، ملزمان کی شناخت شوگئی یوسف، عبدالرحمان اور محمد نعمان کے نام سے ہوئی، منظم گینگ میں متعدد خواتین بھی شامل ہیں۔
ملزمان غریب لڑکیوں کو چینی شہریوں سے شادی پر آمادہ کرتے ہیں، لڑکیوں کا ڈیٹا اور دستاویر عبدالرحمان اور محمد نعمان نامی ایجنٹوں کو دیتے ہیں، ملزم عبدالرحمان اور محمد نعمان چینی ایجنٹ پاول کے ساتھ سازباز کرتے ہیں۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ پاول نامی ایجنٹ بھاری رقوم کے عوض چینی کلائنٹ کا بندوبست کرتا ہے، ملزمان نے متاثرہ لڑکی کی والدہ سے 10 لاکھ روپے میں معاملات طے کیے، ملزمان نے متاثرہ لڑکی کی والدہ کو ڈیڑھ لاکھ روپے کی ادائیگی کی۔
ملزمان کو انسداد انسانی اسمگلنگ اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔