منگل, مئی 20, 2025
اشتہار

سرکاری حج اسکیم کے تحت جانے والے عازمین کے لئے بڑی خوشخبری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: رواں سال سرکاری حج کرانے والے عازمین کے لیے اچھی خبر آگئی ، عازمین کو پرائیوٹ حج والی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے باعث متاثر ہونےوالا حج آپریشن اب مکمل طور پر بحال ہوچکا ہے اور سرکاری اسکیم کے تحت عازمین کو بروقت سعودی عرب پہنچانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔

حکومت نے اس بار سرکاری حج اسکیم کے تحت بہترین سہولیات فراہم کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جہاں منیٰ میں پاکستانی عازمین کو پہلی بارمکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ خیموں میں قیام کروایا جائے گا، کیمپوں میں صوفے ، بستر اور سامان رکھنے کی جگہ ہوگی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس بار حاجیوں کے لیے ٹرانسپورٹ کا بھی شاندار نظام ترتیب دیا گیا ہے اور میدان عرفات کے لیے ستر فیصد عازمین کو ٹرین کے ذریعے لے جایا جائے گا تاکہ ان کا سفر آرام دہ اور منظم ہو۔

رواں سال سرکاری اسکیم کے تحت نواسی ہزار عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے اور ماضی کی نسبت اس بار بھی کوشش کی گئی ہے کہ اخراجات کم رکھ کر بہتر انتظامات کیے جائیں۔

مزید پڑھیں : کیا 67 ہزار پاکستانی عازمین حج کی ادائیگی کے لئے جاسکیں گے؟

تاہم پرائیویٹ حج ٹورآپریٹرز کے تحت جانے والے سرسٹھ ہزار سے زائد عازمین کے حج کی ادائیگی سے محروم رہنے کا خدشہ اب بھی برقرارہے کیونکہ معاملہ تاحال حل نہیں ہوسکا ہے۔

کئی نجی ٹورآپریٹر کی جانب سے عازمین کے ٹکٹ منسوخ کیے جا چکے ہیں، وزارت مذہبی امور نے معاملے پر سعودی حکومت سے خصوصی رعایت کی درخواست کرتے ہوئے اس بار استثنیٰ دینے کی اپیل کی ہے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ آئندہ مکمل قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

اس حوالے سے ڈی جی حج نے بتایا اب تک 47 ہزار عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں ، جن میں سے 40 ہزار مکہ مکرمہ میں موجود ہے اور 7 ہزار مدینہ میں ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں