لندن: پہلگام حملے کی آڑ میں لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن پر حملہ کرنے والے بھارتی شہری کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
پاکستانی ہائی کمیشن پر حملہ کرنے والا انتہا پسند بھارتی نژاد 41 سالہ انکیت لوو پر گرفتاری کے بعد اتوار کو مجرمانہ نقصان کا الزام عائد کیا گیا تھا، تاہم اب اسے ضمانت پر رہا کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمیشن کے قریب جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
حکام نے کہا کہ بھارتی نژاد شہری انکیت لوو دوباہ پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف گیا تو اسے گرفتار کرلیا جائےگا۔
خیال رہے کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی عمارت پر حملہ کر کے کھڑکیوں کے شیشے توڑنے کے جرم میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا تھا۔
پہلگام حملے کے بعد پاکستانی ہائی کمیشن کی عمارت پر پتھر پھینک کر کھڑکیوں کے شیشے توڑے گئے تھے جبکہ بلڈنگ کے اوپر ہندو مذہب سے منسلک زعفرانی رنگ بھی پھینکا گیا تھا۔
لندن پولیس نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر ایک شخص کو گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن منتقل کیا تھا، پولیس نے اس وقت ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی تھی۔