موغا دیشو : بحری قزاقوں نے صومالیہ کے دار الخلافہ موغا دیشو کے قریب پاکستانی کشتی سلامہ ون اغوا کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صومالیہ کے قریبی علاقے میں بحری قزاق ایک مرتبہ پھر سرگرم ہوگئے اور پاکستانی کشتی سلامہ ون اغوا کرلی،کشتی میں سوارعملے کی تعداد کا علم نہیں ہوسکا۔
امریکی میڈیا کے مطابق پاکستانی کشتی سلامہ ون کو موغادیشیو کے قریب سے اغوا کیا گیا،بحری قزاق سلامہ ون کو صومالی قصبے الحرکی طرف لے جارہے ہیں، یہ علاقہ بحری قزاقوں کے گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
وسطی صومالیہ کے شہر ہوبویو کے میئر عبداللہ ہی احمد علی کا کہنا تھا ان کا شہر قزاقوں سے ‘پاک’ ہوچکا ہے لیک ایک مرتبہ پھر خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ قزاق واپس آگئے ہیں، اس لیے ہمیں مقابلہ کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں : بھارت کا کارگو بحری جہاز بحری قزاقوں نے اغوا کرلیا
خیال رہے کہ 48 گھنٹے میں بحری قزاقی کا یہ دوسرا واقعہ ہے، پاکستانی کشتی کو اغوا کر نے سے پہلے بحری قزاقوں نے بھارتی کشتی ایم ایس وی الکوثر کو اغوا کیا تھا، بھارتی کشتی میں عملے کے گیارہ ارکان سوارہیں۔
صومالی حکام کا کہنا ہے بحری قزاقوں پر قابوپانے کے لئے حکمت عملی طے کیجارہی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ صومالیہ کے ساحل کے قریب بحری قزاقوں نے ‘ایریس 13’ نامی بحری جہاز کو اغوا کرلیا تھا ، جس میں بڑی مقدار میں خام تیل بھرا ہوا ہے۔
ایریس 13 کے اغوا کو گلوبل شپنگ انڈسٹری کے ماہرین حیران کن قرار دیا تھا کیوں کہ اہم سمندری راہداریوں پر نیٹو ممالک، چین، بھارت اور ایران وغیرہ کی بحریہ مسلسل گشت کرتی رہتی ہیں اور انہوں نے گزشتہ کئی برسوں سے صومالی قزاقوں کو کوئی جہاز اغوا نہیں کرنے دیا تھا۔