ماسکو : فیفا ورلڈ کپ دو ہزار اٹھارہ میں برازیل اور کوسٹاریکا کے میچ کا ٹاس فٹبال بنانے والے پاکستانی کا بیٹا کرے گا، فیفا نے 15 سالہ بیٹے احمد رضا کو خصوصی طور پر مدعو کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2018 میں پاکستان کو ایک اور بڑا اعزاز مل گیا، فٹبال بنانے والے پاکستانی کا بیٹا برازیل اور کوسٹاریکا کے میچ کا ٹاس کرے گا، برازیل اور کوسٹاریکا کے درمیان میچ آج شام پانچ بجے کھیلا جائے گا۔
فیفا نے فٹبال بنانے والے پاکستانی کے بیٹے احمد رضا کو خصوصی طور پر مدعو کیا ہے۔
احمد رضا کے والد شبیر احمد خود سیالکوٹ میں فٹ بال بناتے ہیں اور ان کا خاندان تین نسلوں سے فٹ بال کی سٹچنگ کا کام کرتا آیا ہے۔
دوسری جانب روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں آج مزید 2 میچز ہوں گے، دوسرے میچ میں گروپ ڈی کی نائجیریا اور آئس لینڈ کی ٹیموں کے درمیان رات آٹھ بجے کھیلا جائے گا جبکہ تیسرے میچ میں گروپ ای کی سربیا اورسوئزرلینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔
مزید پڑھیں : پاکستانی نوجوان سارنگ بلوچ فٹبال برائے دوستی کا سفیربن گیا
یاد رہے پاکستانی نوجوان سارنگ بلوچ کو فٹبال برائےدوستی کا سفیر مقرر کیا گیا تھا ، سارنگ بلوچ نے ماسکو میں شروع ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرایا تھا۔
فٹبال کی تاریخ میں پہلی بار کسی پاکستانی کو فیفا ورلڈکپ کی تقریب میں جھنڈا لہرانے کیلئے دعوت دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ فیفا ورلڈکپ2018 میں پاکستانی فٹبال استعمال ہو رہے ہیں جبکہ اس سے قبل 2014 میں بھی سیالکوٹ میں تیار کردہ فٹ بال استعمال کیے گئے تھے۔