امریکا نے بھی پاکستان کی جانب سے بھارتی جنگی جہاز مارگرائے جانے کی تصدیق کر دی۔
دو امریکی عہدیداروں نے خبر ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ چینی ساختہ پاکستانی لڑاکا طیارے نے بدھ کے روز کم از کم دو ہندوستانی فوجی طیارے مار گرائے جو بیجنگ کے جدید لڑاکا طیارے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
ایک امریکی اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس بات کا بہت زیادہ اعتماد ہے کہ پاکستان نے چینی ساختہ J-10 طیارے کو بھارتی لڑاکا طیاروں کے خلاف فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل داغنے کے لیے استعمال کیا تھا جس میں کم از کم دو کو گرایا گیا ہے۔
ایک اور اہلکار نے بتایا کہ مار گرایا گیا کم از کم ایک ہندوستانی طیارہ فرانسیسی ساختہ رافیل لڑاکا طیارہ تھا۔
پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
دہلی نے اپنے کسی بھی طیارے کے نقصان کو تسلیم نہیں کیا ہے اور اس کے بجائے کہا ہے کہ اس نے پاکستان کے اندر کامیاب حملے کیے ہیں۔
عالمی میڈیا میں بھارتی رافیل طیاروں کے گرائے جانے کی تصدیق کا سلسلہ جاری جاری ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے تصدیق کی ہے کہ مختلف ویڈیوز میں دکھائے گئے ملبے رافیل طیارے کے ہیں، ایک ملبے کی ویڈیو بٹھنڈا کےقریب کی ہے جو رافیل طیارے کی ہے جب کہ 2 مزید ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جو رافیل کی ہیں۔
پاکستان نے مودی کا غرور خاک میں ملاتے ہوئے اس کا گھمنڈ پاش پاش کر دیا۔ پاکستان ایئر فورس کے شیر دل پائلٹس نے بھارت کے تین رافیل سمیت پانچ لڑاکا طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ شاہینوں نے بھارتی طیاروں کو بھارتی فضائی حدود میں ہی زمین بوس کیا، پاکستانی فوج چاہتی تو دس سے زائد بھارتی طیارے مار گراتی لیکن ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔
بھارتی میڈیا نے تین بھارتی طیارے تباہ ہونے کا اعتراف کر لیا۔ سی این این کا کہنا ہے تباہ ہونے والے بھارتی طیارے فرانسیسی ساختہ تھے۔