اسلام آباد : پاکستان کی درآمدات 27 ماہ کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں اور 5 ارب 28 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی درآمدات میں ایک بار پھر اضافہ ہونا شروع ہو گیا اور دسمبر2024 میں درآمدات ستائیس ماہ کے بعد بلندترین سطح پر پہنچ گئیں۔
گزشتہ ماہ دسمبر میں ملکی درآمدات پانچ ارب اٹھائیس کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کی ہوئیں، جو نومبر 2024 کے مقابلے میں 17.44 فیصد جبکہ دسمبر 2023 کے مقابلے میں چودہ اعشاریہ صفر دو فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔
پاکستان کی دسمبر میں برآمدات دو ارب چوراسی کروڑ دس لاکھ ڈالر کی ہوئیں، جو نومبر دوہزار چوبیس کے مقابلے میں صفر اعشاریہ دو آٹھ فیصد جبکہ دسمبردوہزار تیئس کے مقابلے میں صفر اعشاریہ چھ سات فیصد اضافہ ہے۔
دسمبر میں تجارتی خسارہ دو ارب چوالیس کروڑ چالیس لاکھ ڈالر رہا ہے، جو نومبر 2024 کے مقابلے میں چھیالیس اعشاریہ چھ ایک فیصد جبکہ دسمبر دوہزار تیئس کے مقابلے میں چونتیس اعشاریہ آٹھ فیصد اضافہ ہے۔
رواں مالی سال کے جولائی سے دسمبر تک برآمدات 10 فیصد اضافے کے ساتھ 16 ارب چھپن کروڑ دس لاکھ ڈالر ہو گئیں ہیں جبکہ درآمدات چھ اعشاریہ ایک ایک فیصد اضافے کے ساتھ ستائیس ارب تہتر کروڑ تیس لاکھ ڈالر کی ہوئیں ہیں۔
پاکستان میں چھ ماہ کا تجارتی خسارہ صفر اعشاریہ ایک آٹھ فیصد اضافے کے ساتھ گیارہ ارب سترہ کروڑ بیس لاکھ ڈالر پر پہنچ گیا۔