اسلام آباد: پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے مطالببہ کیا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ ہر قیمت پر بر وقت مکمل کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے گیم چینجر منصوبہ کو ہر قیمت پر بر وقت مکمل کیا جائے۔ اس منصوبہ میں تاخیر ملکی مفاد کے خلاف ہے جسے عوام کبھی قبول نہیں کریں گے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ نے بجٹ خسارے میں کمی دکھانے کے لیے ترقیاتی بجٹ میں ایک تہائی کی کٹوتی کر دی ہے مگر اس کے باوجود ضروری اخراجات کے لیے رقم کم پڑ رہی ہے جسے غیر ملکی قرضوں سے پورا کرنا واحد آپشن ہے۔
مزید پڑھیں: آئندہ بجٹ آئی ایم ایف بنا چکی ہے، پاکستان اکانومی واچ کا دعویٰ
انہوں نے کہا کہ ٹیکس بیس بڑھنے کے بجائے سکڑ رہا ہے جبکہ حکومت آمدنی بڑھانے کے لیے موجودہ ٹیکس گزاروں کو ہی نچوڑ رہی ہے۔
ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ نئے مالی سال میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ فنڈ میں صرف 14 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے جو ضروریات سے کئی سو ارب روپے کم ہے جس سے اہم منصوبے التوا کا شکار ہو جائیں گے۔