کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے پر فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے، بطور فاسٹ بولر کوئی عذر پیش نہیں کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ آسان نہیں ہے، یہ وکٹ اچھی تھی ، میں نے غلطیاں کیں اور ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ورلڈ کلاس کھلاڑی موجود ہیں، ان کے خلاف غلطی کی گنجائش نہیں تھی، یہاں ایک ہی جگہ پر بولنگ کرنی ہوتی ہے ، خراب بال پر کیوی کھلاڑیوں نے باؤنڈری لگائی۔
نسیم شاہ نے کہا کہ نوبالز سے اعتماد میں کمی آتی ہے، زیادہ تیز بولنگ کرنے کی وجہ سے نوبالز ہوئیں، دو وکٹیں نو بالز کی نذر ہوگئیں، کوشش ہوگی آئندہ نو بالز پر قابو پائیں۔
مزید پڑھیں: شعیب اختر پاکستانی بولرز پر برس پڑے
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز 6 کھلاڑی آؤٹ 659 رنز پر ڈیکلیئر کی، قومی ٹیم کو میزبان ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 354 رنز درکار ہیں اور اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں۔
دوسری اننگز میں اوپنر شان مسعود پھر ناکام ثابت ہوئے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، عابد علی 7 اور نائٹ واچ میں محمد عباس ایک رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کیوی ٹیم کو پاکستان کے خلاف 1-0 کی برتری حاصل ہے۔