قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹی 20 اسکواڈ میں صائم ایوب کو شامل نہ کرنے کے سوال کا جواب دے دیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹی 20 میچ کل کھیلا جائے گا، آسٹریلیا نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 29 رنز سے شکست دی تھی، میزبان ٹیم کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے لیکن شائقین کو اوپنر صائم ایوب کی کمی محسوس ہورہی ہے۔
جب کپتان محمد رضوان سے سوال کیا گیا کہ صائم ایوب کو ٹی 20 سیریز کے لیے روکا نہیں جاسکتا تھا تو جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹیم پہلے منتخب ہوچکی تھی۔
شائقین کرکٹ سوال کررہے ہیں کہ ٹی 20 ٹیم تو آسٹریلیا میں موجود ہیں لیکن صائم ایوب کہاں ہیں؟ کینگروز کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کے باوجود صائم کو گھر بھیج دیا گیا۔
کئی شائقین کرکٹ کو دیر سے علم ہوا کہ صائم تو ٹی 20 اسکواڈ میں شامل ہی نہیں۔
واضح رہے کہ کینگروز کے خلاف ون ڈے سیریز میں مشکل کنڈیشنز، ورلڈ کلاس بولر مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز کے خلاف صائم ایوب حاوی رہے، انہوں نے سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنائے اور چھکے لگائے۔
شائقین کرکٹ کی جانب سے پہلے ٹی 20 میچ میں صائم ایوب کے جارحانہ انداز کی کمی محسوس کی گئی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 سال بعد ون ڈے سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی، حارث رؤف کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔