دبئی: ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ سے قبل قومی ٹیم کو ایک اور دھچکا لگ گیا.
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل فاسٹ بولر شاہنواز دہانی سائیڈ اسٹرین انجری کا شکار ہوگئے.
ذرائع کے مطابق نوجوان فاسٹ بولر انجری کے سبب بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیل سکیں گے.
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے زخمی کھلاڑیوں کی فہرست طویل ہوتی جا رہی ہے۔ شاہین آفریدی اور وسیم جونئیر کے بعد اب فاسٹ بولر شاہنواز دھانی بھی ان فِٹ ہو گئے ہیں ، سائیڈ اسٹرین کی وجہ سے وہ بھارت کے خلاف کل کا میچ نہیں کھیلیں گے
— Mirza Iqbal Baig (@mirzaiqbal80) September 3, 2022
واضح رہے کہ شاہنواز دہانی بھارت اور ہانگ کانگ کے خلاف قومی ٹیم کا حصہ تھے اور انہوں نے گزشتہ روز ہانگ کانگ کے خلاف ایک وکٹ بھی حاصل کی تھی.
اس سے قبل نوجوان فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم جونیئر بھی انجری کے سبب ایشیا کپ سے باہر ہوچکے ہیں۔
شاہنواز دہانی کی انجرڈ ہونے کے بعد فاسٹ بولر حسن علی کو حتمی الیون میں شامل کیے جانے کا قومی امکان ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں کل بروز اتوار پاک بھارت ٹیمیں مدمقابل آئیں گی اس سے قبل گروپ میچ بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان کے خلاف اہم میچ میں بھارت کو آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا دستیاب نہیں ہیں وہ گھٹنے کی انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہو چکے ہیں۔