غزہ کی پٹی میں آٹھویں فلسطینی بچے کی ہائپوتھرمیا کی وجہ سے موت واقع ہو گئی ہے۔
الجزیرہ کی دل دہلا دینے والی رپورٹ کے مطابق غزہ میں خاندان سخت سردی کا سامنا کر رہے ہیں، اسرائیل نے انسانی امداد کے داخلے پر پابندی لگا رکھی ہے، بشمول کمبل اور خیمے، جس کی وجہ سے خاندانوں کو شدید سردی سے بچاؤ کے ذرائع میسر نہیں آ سکے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق غزہ میں سخت سردی کی وجہ سے ایک اور بچے کی موت واقع ہو گئی ہے، جس کے بعد سردی سے مرنے والے بچوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔
بچے کی ماں نے الجزیرہ کو روتے ہوئے بتایا ’’میں یوسف کی ماں ہوں۔ میں نے اسے کھو دیا، وہ انتہائی سرد موسم کی وجہ سے مر گیا، رات کو وہ میرے پاس سویا تھا لیکن صبح میں نے اسے منجمد اور مردہ پایا۔ مجھے نہیں پتا اب میں کیا کہوں۔‘‘
ویڈیو رپورٹ میں بچے کی ماں نے مزید کہا ’’کوئی بھی میرے دکھ کو محسوس نہیں کر سکتا، دنیا میں کوئی بھی ہماری تباہ کن صورت حال کو نہیں سمجھ سکتا، یوسف بالکل ٹھیک تھا، وہ صحت مند پیدا ہوا تھا… میں نے یوسف کو ہمیشہ کے لیے کھو دیا۔‘‘
حماس اسرائیل معاہدے میں کن باتوں پر اتفاق ہوا ہے؟
واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ پر گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جس سے غزہ بھر میں رات بھر کم از کم 13 اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 45,805 فلسطینی شہید اور 109,064 زخمی ہو چکے ہیں۔