کراچی: پاکستان ایئر لائن پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے ممبرز اپنی تین دن کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں عطیہ کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پائلٹس ایسوسی ایشن نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ وہ بھی فخریہ طور پر خود کو قوم کی نبض کے ساتھ جوڑ کر ایک اہم فریضے میں شمولیت کر کے اظہار یک جہتی کر رہے ہیں۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ڈیموں کی اشد ضرورت ہے، چیف جسٹس آف پاکستان نے اس کے لیے فنڈ قائم کر کے ایک عظیم مہم شروع کی ہے۔
ایسوسی ایشن سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وہ اور اس کے ممبرز چیف جسٹس کے شکر گزار ہیں کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے معاملات میں انھوں نے خصوصی دل چسپی لی۔
پالپا نے کہا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے قومی ایئر لائن میں ہونے والی بے ضابطگیوں اور نا اہلیت کے حوالے سے از خود ایکشن لے کر قابل پذیرائی قدم اٹھایا ہے۔
لوگ ڈیم کے لیے پیسے لے کر گھوم رہے ہیں، پیسے دینے والوں کے ہاتھ چومنے چاہئیں، چیف جسٹس
پالپا کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسوسی ایشن نے ہمیشہ ضرورت کے وقت مادرِ وطن کی خدمت میں سب سے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں پانی کے شدید بحران کے پیشِ نظر چیف جسٹس آف پاکستان نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے اہم ترین قدم اٹھاتے ہوئے عدالتی حکم کے ذریعے فنڈ قائم کیا جس میں مخیر حضرات عطیات جمع کراسکتے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔