پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

پاناما کیس: چیئرمین نیب نے جے آئی ٹی کواہم دستاویزات پیش کردیں

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے آج چیئرمین نیب چوہدری قمر زمان پیش ہوئے،
چیئرمین نیب نے جےآئی ٹی کو اہم دستاویزات پیش کیں۔

تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوکر چیئرمین نیب نے اہم دستاویزات پیش کردیں، جے آئی ٹی افسران نے چیئرمین نیب کو حدیبیہ پیپرز ملز سے متعلق تمام دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی تھی۔

قمر زمان چوہدری سے حدیبیہ پیپرز ملز کیس کے حوالے سے سوالات کیے گئے۔ چیئرمین نیب نے 28 اکتوبر2014 کے اجلاس کے منٹس جےآئی ٹی میں پیش کیے۔ دستاویزات کی کاپی اے آر وائی نیوز نےحاصل کرلی۔

اس کے علاوہ چیئرمین نیب نے حدیبیہ پیپر کیس سے متعلق نیب کے فیصلے کی نقل بھی پیش کی، جس کے مطابق پراسیکیوٹر جنرل نیب کے کےآغا نے حدیبیہ کیس کی اپیل سے متعلق رائے دی تھی۔

کے کے آغا کا اپنی رائے میں کہنا تھا کہ دیکھا جائے ہماری اپیل کی کامیابی کے کتنے امکانات ہیں؟ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ کیس پرانا ہے اور نواز شریف کے والد میاں شریف وفات پاچکے ہیں، یہ بھی دیکھا جائے کہ ایسی تحقیقات سے وسائل اور وقت ضائع تو نہیں ہوگا؟


جے آئی ٹی، چیئرمین نیب کو پیش ہونے کی ہدایت


کے کے آغا کا مزید کہنا تھا کہ ایسی صورت میں یہ کارروائی نیب کو بدنام کرے گی، کیا دوبارہ تحقیقات انتقامی کارروائی کےمترادف تو نہیں ؟

کے کے آغا نے چیئرمین نیب سے اپیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ مانگا تھا جس پر چیئرمین نیب نےحدیبیہ پیپر کیس کے خلاف اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں