اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف کے بچوں نے پانامہ کیس میں سلمان اسلم بٹ کی جگہ اکرم شیخ ایڈووکیٹ کو وکیل مقرر کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرا دی ہے، پاناما کیس کی سماعت کل چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کالارجربنچ کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاناما کیس میں وزیراعظم کے بچوں نے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرادی، جس میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز، حسن نواز اورحسین نواز اپنا وکیل تبدیل کرنا چاہتے ہیں، سلمان بٹ کی بجائے سینئر وکیل اکرم شیخ کو اپنا وکیل مقرر کرنے کی اجازت دی جائے ۔
پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق سمیت دیگر درخواستوں پر سماعت کل ہوگی۔
مزید پڑھیں : پاناما لیکس: سپریم کورٹ کاتمام فریقین کو15نومبرتک دستاویزات جمع کرنے کا حکم
ہاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر وزیراعظم کے بچوں کی جانب سے ان کے وکیل نے تحریری جوابات جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ متعلقہ دستاویزات بیرون ملک سے حاصل کرنے کے لیےکچھ وقت چاہئے۔
سماعت میں سپریم کورٹ نے تمام فریقین کو پانامہ پیپرز سے متعلق ثبوت، شواہد اور دستاویزات 15 نومبر تک جمع کرانے کا حکم دے رکھا ہے ۔
اس سے قبل سماعت میں وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا گیا ہے جس میں انکا کہنا تھا کہ میری کوئی آف شور کمپنی نہیں، وہ لندن کے فلیٹس، آف شور کمپنیوں اور دیگر جائیدادوں کا مالک نہیں، ٹیکس قانون کے مطابق ادا کرتے ہیں، بچے میری زیر کفالت نہیں ہیں۔
مزید پڑھیں : پانامہ کیس ، وزیراعظم کے بچوں کو پیر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت
وزیر اعظم کے وکیل کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ سال دوہزار تیرہ میں تمام اثاثوں کا اعلان کرچکا ہوں، وزیراعظم باسٹھ اور تریسٹھ کے تحت نااہل قرار نہیں دیے جا سکتے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف،جماعت اسلامی، عوامی مسلم لیگ، جمہوری وطن پارٹی اور طارق اسد ایڈووکیٹ نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں آئینی درخواستیں دائر کی تھیں۔