ممبئی: معروف بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے پیشکش کے باوجود سُپر اسٹار رنبیر کپور کی ایکشن فلم ’اینیمل‘ میں کام نہ کرنے کی اصل وجہ سے پردہ اٹھا دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فلم ’اینیمل‘ میں رنبیر کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ اس میں اداکار انیل کپور اور اداکارہ رشمیکا مندانا بھی اہم رول میں نظر آئے۔
پرینیتی چوپڑا نے ’آپ کی عدالت‘ میں سندیپ ریڈی وانگا کی فلم میں کام نہ کرنے وجہ شیڈول کو قرار دیا۔ انہیں رشمیکا مندانا کی جگہ کاسٹ کیا جانا تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں نے اس بلاک بسٹر فلم کے مقابلے ہدایت کار امتیاز علی کی فلم ’چمکیلا‘ کا انتخاب کیا جس کی اصل وجہ شیڈول تھی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے دونوں فلموں میں سے ایک کا انتخاب کرنا تھا اور میں نے ’چمکیلا‘ کا انتخاب کیا کیونکہ مجھے اس کی کہانی سے پہلے ہی پیار تھا، یہ فلم میری اپنی محبت کی کہانی جیسی تھی۔
پرینیتی چوپڑا کے مطابق اس فلم میں کام کرنے کے انتخاب کی بدولت ان کی ملاقات شوہر راگھو چڈھا سے ہوئی تھی۔ فلم کی شوٹنگ کے دوران دونوں اپنے مصروف شیڈول کے باوجود ایک دوسرے کو وقت دینے میں کامیاب رہے۔
اداکارہ نے لندن میں ایک ایوارڈ تقریب میں اپنی پہلی ملاقات کا ذکر کیا جہاں راگھو چڈھا سے ملاقات کیلیے ان کے بھائی نے ان کے تعارف میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
پرینیتی چوپڑا کے کیریئر پر نظر ڈالیں تو انہوں نے 2011 میں ’لیڈیز بمقابلہ رکی بہل‘ سے ڈیبیو کیا تھا اور بعد میں ’عشق زادے‘، ’شدھ دیسی رومانس‘ اور ’ہنسی تو پھنسی‘ میں اداکاری کی بدولت پہنچا بنائی۔
باکس آفس پر چند فلموں کی ناکامیوں کے بعد پرینیتی چوپڑا نے ’سندیپ اور پنکی فراار‘ اور ’سائنا‘ میں تنقیدی طور پر سراہی جانے والی پرفارمنس دی تھی تاہم ’امر سنگھ چمکیلا‘ میں ان کے کردار کو اب ان کی بہترین اداکاری کے طور پر سراہا جاتا ہے۔