پیرس اولمپکس میں غلطیوں پر غلطیاں سامنے آ رہی ہیں جس کے باعث منتظمین کی کارکردگی پر سوالیہ نشانات لگنا شروع ہوگئے ہیں۔
دنیائے کھیل کے سب سے بڑے ایونٹ اولمپکس پیرس میں پوری شان وشوکت سے جاری ہیں تاہم جہاں دنیا بھر کے ہزاروں ایتھیلٹ ان مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے آئے ہیں وہیں منتظمین کی جانب سے غلطیوں پر غلطیاں سامنے آ رہی ہیں۔
پیرس اولمپکس 2024 میں گزشتہ روز ایک اور سنگین غلطی باسکٹ بال میچ سے قبل ہوئی جب کھیل میں شریک ٹیم جنوبی سوڈان کے بجائے سوڈان کا قوامی ترانہ بجا دیا گیا۔
اس موقع پر جنوبی سوڈان جو پہلی بار کسی ٹیم ایونٹ میں شریک ہوا ہے، اس کے کھلاڑیوں کی حیرت دیدنی تھی اور وہ ایک دوسرے کو حیرت سے دیکھتے رہے۔
2011 میں آزادی حاصل کرنے والے ملک جنوبی سوڈان نے پیورٹو ریکو کو 79-90 سے ہرا کر اولمپکس میں اپنا پہلا تمغہ جیتا۔
اس سے قبل اولمپکس گیمز کی افتتاحی تقریب میں گارڈز نے گیمز کا مشہور پانچ رنگوں کے دائروں والا پرچم الٹا اٹھا لیا تھا۔
فرانس کے ریپبلیکن گارڈ کے افسران نے پانچ رنگوں کے دائروں والا اولمپکس کا جھنڈا الٹا بلند کیا۔ جھنڈا بلند کیے جانے کے دوران ریڈیو فرانس شوئر کے 60 موسیقار اولمپک ترانہ بجا رہے تھے، تاہم کسی بھی آفیشل نے یہ بات نوٹ نہیں کی کہ اولمپک کا جھنڈا الٹا بلند کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ درست ترتیب میں جھنڈے کے بالائی حصے میں نیلے، سیاہ اور سرخ رنگ کے تین دائرے ہوتے ہیں جبکہ نیچے سبز اور پیلے دائرے ہوتے ہیں۔
پیرس اولمپکس: ایتھلیٹ اپنی شادی کی انگوٹھی کھو جانے پر خوش، وجہ حیران کن